مقبوضہ کشمیری کی بگڑتی صورتحال:وفاقی کابینہ کا اجلاس6اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 3 اپریل 2018 12:07

مقبوضہ کشمیری کی بگڑتی صورتحال:وفاقی کابینہ کا اجلاس6اپریل کو یوم یکجہتی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03اپریل۔2018ء)وفاقی کابینہ نے خصوصی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کیخلاف 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔فاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کابینہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ انہوں نے کابینہ کو بے گناہ کشمیریوں کیلئے بین الاقوامی برادری کی حمایت کے حصول کیلئے پاکستان کی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اجلاس میں شہدا ءکیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی اور کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے ایک قرارداد کی بھی منظوری دی جس میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے ارکان 4 اپریل کو ہونے والے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اجاگر کرنے کیلئے مخصوص ممالک کے دارالحکومتوں میں صدر آزاد جموں و کشمیر سمیت وزیراعظم کے خصوصی ایلچی بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وفاقی کابینہ نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے طاقت کے بہیمانہ اور بے دریغ استعمال کی بھی سخت مذمت کی۔