لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دو عہدے رکھنے پر نااہلی کیلئے درخواست نا قابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی

منگل 3 اپریل 2018 15:10

لاہور۔3 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے بیک وقت دو عہدے رکھنے پر نا اہلی کے لئے درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے منگل کو مقامی شہری اظہر عباس کی درخواست پر سماعت کی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا، درخواست گزار کے مطابق وزیراعلیٰ آئینی طور پر ایک ہی وقت میں دو عہدے نہیں رکھ سکتے لیکن وہ وزیر اعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے شریک چیئرمین بھی ہیں،درخواست گزار نے نکتہ اٹھایا کہ شہباز شریف نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی اس لیے انہیں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے،دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور یہ اعتراض اٹھایا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں ہے، عدالت نے فریقین کے دلائل سُننے کے بعد درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔