ویجیلنس سکواڈ نے اڑیال کے تین بچوں کو سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، ملزمان کار میں تین بچوں کو سمگل کر رہے تھے

دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق وزیرآباد ضلع گوجرانوالہ سے ہے،اڑیال کے بچوں کی عمر دو سے تین دن ہے، لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا چھوٹے بچوں کو ماں سے الگ کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں، سخت کارروائی کی جائے‘ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف خالد عیاض

منگل 3 اپریل 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب خالد عیاض خان کی خصوصی ہدائت پر ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ ریجن عبدل شکور منج کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے ویجیلنس اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر ناکہ لگا کر اڑیال کے تین بچوں کو سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور سمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو رنگے ہاتھوںگرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویجیلنس اسکواڈ کے سربراہ عبدل شکور منج کو خفیہ اطلاع ملی کہ بعض لوگ ا اڑیال کے بچے چوری کر کے سمگل کرنے کی کوشش کریں گے جس پر انہوں نے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف افسر منڈی بہائوالدین عدنان علی کی سربراہی میں ، وائلڈ لائف انسپکٹر اعجاز اور دیگر سٹاف پر مشتمل ناکہ پارٹی تشکیل دی جس نے منڈی بہائوالدین پھالیہ روڈ پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کو چیک کرنا شروع کر دیا اور ایک مشکوک کار نمبری 6051 ٹویوٹا کرولا رنگ سیاہ کی تلاشی پر ملزماں غلام حبیب ولد منور حسن سکنہ محلہ نوراں، تحصیل وزیر آباد ضلع گوجرانوالہ اور ندیم صدیق ولد محمد صدیق سکنہ گکھڑ منڈی ، تحصیل وزیر آباد ضلع گوجرانوالہ کے قبضہ سے تین اڑیال کے بچے جن کی عمریں دو سے تین دن تھیں برآمد کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اڑیال کے بچوں کو فوری طور پر لاہور چڑیا گھر منتقل کے احکامات حاصل کر کے ان پر عملدرآمد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ چھوٹے بچوں کو ماں سے الگ کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ۔ انہوںویجیلنس اسکواڈ کے سربراہ عبدل شکور منج کو گرفتار ملزماں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی خصوصی ہدئت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں مزید تفتیش کریں کہ ملزمان اڑیال کے بچے کہاں سے لا رہے تھے اور کہاں لے جا رہے تھے تاکہ ان ملزمان کے پیچھے موجود اصل ملزمان کا سراغ انہیں بھی کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ مزید برآں انہوں نے ویجیلنس سکواڈ کو شاباش، اورتعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ کے افسران و اہلکاران جنگلی حیات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :