گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی نہم کے امتحانات میں نااہلی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ رفیق میں اسلامیات لازمی کے کئی طلبہ کو اخلاقیات کا خالی پیپر دینا پڑا

متاثرہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا امکان طلبا کے سکولوں کی غلطی سے پرچہ تبدیل ہوا ہے تو امیدواروں کو دوبارہ امتحان کی فیس ادا کرنی پڑے گی،،ربورڈ اہلکاروں کی غلطی کی صورت میں تمام اخراجات بورڈ کے ذمے ہونگے، بورڈ انتظامیہ

منگل 3 اپریل 2018 21:16

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2018ء)گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی نہم کے امتحانات میں نااہلی سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ رفیق میں اسلامیات لازمی کے کئی طلبہ کو اخلاقیات کا خالی پیپر دینا پڑا۔متاثرہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا امکان ہے۔ بورڈ انتظامیہ کے مطابق اگر طلبا کے سکولوں کی غلطی سے پرچہ تبدیل ہوا ہے تو امیدواروں کو دوبارہ امتحان کی فیس ادا کرنی پڑے گی۔

اور بورڈ اہلکاروں کی غلطی کی صورت میں تمام اخراجات بورڈ کے ذمے ہونگے۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت ہونے والے امتحانات کے آخری روز اسلامیات لازمی کے پیپر میں بورڈ انتظامیہ کی نااہلی واضح ہوکر سامنے آگئی۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ رفیق میں اسلامیات لازمی کا پرچہ دینے آنے والے کئی امیدواروں کو اخلاقیات اور اخلاقیات کے طلبا کو امتحانی مراکز میں اسلامیات لازمی کا پیپر دینے پر مجبور کردیا گیا۔

اس دوران طلبا وطالبات امتحانی مراکز میں عملہ سے بحث وتکرار میں مصروف رہے لیکن ان کی ایک بھی التجا کو نہ سنا گیا اور انہیں ان مضامین کا امتحان دینا پڑا جنکی انہوں نے بالکل بھی تیاری نہیں کی تھی۔ اپنے متعلقہ مضمون کی بجائے دوسرے مضمون کا پیپر دینے والے طلبہ میں سے نواحی گائوں فیض آباد کے عاشر شفاقت رول نمبر 112905 ،سنیل رول نمبر 113015 اور شیروز عرفان رول نمبر 112892 نے بتایا کہ بورڈ انتظامیہ نے انکے تعلیمی مستقبل سے بہت بڑا کھلواڑ کیا جس سے انکا ایک قیمتی سال ضائع ہو چکا ہے اور وہ اپنے متعلقہ مضمون کی بھرپور تیاری کے باوجود خالی جوابی کاپی دیکر گھروں کو جارہے ہیں۔

اس بارے میں جب بورڈ کے اعلی حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنی غلطی ماننے سے انکار کرتے ہوئے تمام ملبہ طلبہ و طالبات کے سکولوں اور انکے والدین پر ڈال دیا کہ سکول انتظامیہ نے بچوں کے امتحانی داخلہ فارم غلط پر کر کے بورڈ کو بھیجیں ہیں۔اب متاثرہ امیدواروں کو مکمل فیس جمع کرواکر دوبارہ سے اس مضمون کا امتحان دینا پڑے گا۔ بورڈ کی غلطی ثابت ہونے پر بورڈ انتظامیہ ان متاثرہ بچوں و بچیوں کے امتحانی واجبات خود ادا کریگی۔