کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف فوری طور پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے،چودھری شجاعت حسین

منگل 3 اپریل 2018 22:47

کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف فوری طور پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف فوری طور پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے،۔ وہ خیبرپختونخواہ سے متعدد رہنماؤں کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں محترمہ رفعت اکبر سواتی سابق ایم پی اے، تحریک انصاف کے رہنما علامہ محمد شعیب، سید محمود، محمد شاہ، ناصر خان، منظور احمد خان جنرل سیکرٹری ن لیگ چارسدہ، شاہ خال چارسدہ قومی وطن پارٹی، کرم ایجنسی سے قومی اسمبلی کے امیدوار کپتان حسین طوری اور ان کے ساتھی شامل ہیں۔

اس موقع پر طارق بشیر چیمہ، محبوب اللہ جان، وجیہہ الزماں، علامہ شعیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یو این او کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے، پاکستان مسلم لیگ کشمیریوں کی تحریک آزادی میں مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے وجیہہ الزمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وجیہہ کے معنی خوبصورت، بہادر اورنڈر انسان کے ہیں اور محبوب اللہ جان تو ویسے ہی جان ہیں، ہمیں ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے جن کی سوچ میں پاکستانیت ہو اور پاکستان کا درد ہو، جب بھی اسلام اور پاکستان کی بات آئے گی تو سب کچھ بھول کر صرف اسلام اور پاکستان کا سوچا جائے گا، یہ سلسلہ کے پی کے سے شروع ہوا اور آگے جائے گا اور اس کا سہرا بھی ابتدا کرنے والوں کے سر ہو گا، اب ہم نے صرف پاکستان مسلم لیگ کو فعال کرنا ہے ہم تو یہ کہیں گے کہ آپ کسی بھی پارٹی سے ہوں آپ کا ذہن مسلم لیگی ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ اور ایم ایس ایف کے دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جواتنی بڑی تعداد میں یہاں تشریف لائے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، انسان وہی ہے جو مشکل وقت میں بھی ساتھ دے۔

متعلقہ عنوان :