الحمراء آرٹس کونسل میں کام کرنیوالے پروڈیوسروں کا اسٹیج ڈراموں پر 16فیصد ٹیکس عائد کیے جانے پر شدید احتجاج

ٹیکس پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے عائد کیا گیا ،پروڈیوسرز کے تحفظات حکومت پنجاب تک پہنچا دیئے ‘ ترجمان لاہور آرٹس کونسل

بدھ 4 اپریل 2018 13:33

الحمراء آرٹس کونسل میں کام کرنیوالے پروڈیوسروں کا اسٹیج ڈراموں پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء) الحمراء آرٹس کونسل میں کام کرنیوالے ڈرامہ پروڈیوسروں نے اسٹیج ڈراموں پر 16فیصد ٹیکس عائد کیے جانے پر شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پہلے ہی ڈرامے کی مد میں ایکسائز ٹیکس ادا کرتے ہیں اور موجودہ حالات میں مزید 16فیصد ٹیکس عائد پروڈیوسروں کے ساتھ فنکاروں کا بھی معاشی قتل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کے نفاذ سے ڈرامے کی ٹکٹ کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

پہلے ہی عوام کے پاس تفریح کے مواقع کم ہیں اور اس طرح بلا جواز ٹیکس ناقابل قبول ہے ، اگر یہ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو ہم اسکے خلاف بھرپور احتجاج کرنے پر مجبو ر ہو جائیں گے۔اس حوالے سے لاہور آرٹس کونسل کے ترجمان نے کہا کہ اس ٹیکس کے نفاذ سے الحمراء آرٹس کونسل کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ ٹیکس پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الحمراء کی انتظامیہ پروڈیوسرز کے ساتھ ڈرامہ کی ترقی کیلئے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور اس 16فیصد ٹیکس سے متعلق پروڈیوسرز کے جو تحفظات ہیں ان کو حکومت پنجاب تک پہنچا دیا گیا ہے ۔