کشمیریوں کی آواز کو جبر سے دبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے‘ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہوگا۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 4 اپریل 2018 15:04

کشمیریوں کی آواز کو جبر سے دبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے‘ کشمیر کے ..
مظفرآباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اپریل۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو جبر سے دبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج آزاد کشمیر پہنچنے ہیں جہاں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی حالیہ وحشیانہ کارروائیوں میں 200 سے زائد کشمیری زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کیا کہ ظلم ان کی جدوجہدکونہیں روک سکتا، حکومت پاکستان نے بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی ہے اور 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر کا اعلان کیا گیا ہے، حکومت، عوام اور سیاسی جماعتیں کشمیریوں کی ہرقسم کی حمایت کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے آنے سے عوام میں مثبت پیغام گیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے شہداکی ماﺅں کوسلام پیش کرتاہوں،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اسرائیلی ایجنڈے پرگامزن ہے،آزادی کی تحریک پورے جموں وکشمیر کی تحریک ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز جبر سے دبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے‘ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر لکھا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہوگا لیکن بھارت اقوام متحدہ میں کئے اپنے وعدوں سے مکر گیا‘کشمیریوں نے ہر قسم کی قربانیاں دے کر ثابت کردیا ان کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی، بھارت کو بین الاقوامی قوانین کے آگے جھکنا پڑے گا اور فتح بالآخر کشمیریوں کی ہی ہوگی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حریت کانفرنس کے نمائندوں سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود ، کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،وزیر خارجہ خواجہ آصف، وفاقی وزیر برجیس طاہر، غلام محمد صفی،فیض نقشبندی، محمود ساگر، اشتیاق حمید،شمیم شال اور اعجاز لون موجود تھے۔

حریت راہنماﺅں نے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیر آئے ہیں، پاکستان پہلے بھی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہا اور آج بھی کھڑا ہے، حکومت اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اور جبر کی شدید مذمت کی گئی، وفاقی کابینہ نے 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھے گا، سفارتی مشنز سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں۔

متعلقہ عنوان :