ترک بحری افواج کے سربراہ کی کراچی اور لاہور میں پاک بحریہ کی یونٹس کا دورہ اور فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں

ْ

بدھ 4 اپریل 2018 18:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء) ترک بحری افواج کے سربراہ وائس ایڈمرل عدنان عزبل ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ پاکستان میں اپنی مصروفیات کے دوران معزز مہمان نے 2اپریل کو چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ امور سمیت موجودہ اور مستقبل کے بحری تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورے کے دوسرے مرحلے میں وائس ایڈمرل عدنان عزبل نے لاہور اورکراچی میں تعینات پاک بحریہ کی مختلف فیلڈ کمانڈز کا دورہ کیا ۔ لاہور میں اپنی مصروفیات کے دوران انہوں نے کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اپنے دورئہ کراچی میں ترک بحری افواج کے سربراہ نے کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار ، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوںکے دوران دو طرفہ بحری اشتراک اور پیشہ ورانہ امور پر بات چیت ہوئی۔ معزز مہمان نے اس موقع پر انسداد دہشت گردی و بحری قذاقی کی عالمی کوششوں میں مستقل شمولیت کے ذریعے خطے میں قیام امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ ترک بحری سربراہ پاکستان نیول اکیڈمی بھی گئے اور وہاں زیر تربیت مڈشپ مینوں اور کیڈٹس سے ملاقات کی۔

بعد ازیں وائس ایڈمرل عدنا ن نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔ بحری جہاز آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا خیر مقدم کیا اور پاک بحریہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے جہاز کے عملے سے بھی ملاقات کی اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کی تعریف کی۔ وائس ایڈمرل عدنان عزبل مزار قائد بھی گئے اور مزار پر پھول چڑھائے۔ ترک بحری افواج کے سربراہ کے حالیہ دورئہ پاکستان سے پاکستان اور ترکی کے درمیان بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین بالخصوص دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :