مقبوضہ کشمیر‘سرینگر کی عدالت کی طرف سے مسر ت عالم بٹ کی رہائی کا حکم

بدھ 4 اپریل 2018 20:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء)مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور جموںوکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو 2008میں ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمے میں رہائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ کو 26جون 2008کو سرینگر میں حول سے بادام واری پارک تک لاٹھیوں اور پتھروں سے مسلح احتجاجی مارچ کی قیادت کرنے اور مظاہرین کی طرف سے املاک کو نقصان پہنچانے پر ایک جھوٹا مقدمہ درج کیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

فورتھ ایڈیشنل سیشنز جج سرینگر نے مسرت عالم بٹ کوبری کرتے ہوئے کہاکہ استغاثہ اپنے موقف کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ استغاثہ کے کسی بھی گواہ نے یہ شہادت نہیں دی کہ مسرت عالم بٹ جلوس میں موجود تھے ۔ استغاثہ نے الزام لگایاتھا کہ مسرت عالم بٹ کی زیر قیادت 500کے قریب مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے پتھرائو کیا اور بادام واری پارک کو نقصان پہنچایا تھااو ر اس سلسلے میںانکے خلاف رعنا واری پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیاگیا تھا ۔ تاہم استغاثہ کے کسی بھی گواہ نے اس سلسلے میں کوئی شہادت پیش کی ۔ عدالت نے مسرت عالم پر عائدتمام الزامات سے بری کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا۔