لاہور، عابدہ اور مبشرہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کر رہی ہیں، کیپٹن (ر) عارف نواز خان

انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ جاری ہے ،جلد دونوں ملزمان قانون کی گرفت میں ہونگے ،آئی جی پنجاب

بدھ 4 اپریل 2018 23:05

لاہور، عابدہ اور مبشرہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس جدید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی دونوں بچیوں عابدہ اور مبشرہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کی ٹیمیں روایتی اور غیر روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کر رہی ہیں اور قوی امید ہے کہ بہت جلد ان دونوں کیسز کو حل کرکے ملزمان قانون کی گرفت میں ہونگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ جاری ہے جبکہ پنجا ب پولیس دونوں کیسز کو چیلنج سمجھ کر جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جڑانوالہ میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچیوں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ عابدہ اور سات سالہ مبشرہ کے گھرجا کر اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ ، سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل سمیت دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے مقتول لڑکیوں کے والدین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس عوام کے جان ،مال اور عزت و آبرو کی حفاظت میری اولین ذمہ داری ہے اور دونوں کیسوںکی تفتیش کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے جار ہے ہیں تاکہ قاتلوں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب پولیس غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے جبکہ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی اور اغوا برائے تاوان کے واقعا ت میں پولیس کاروائی میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیںاورافسران کو اس حوالے سے واضح ہدایات ہیں کہ جو اہلکار ایسے کیسز میں کاروائی کے دوران دانستہ تاخیر یا نا اہلی کا مظاہرہ کریں ان کے خلاف فی الفور سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔