چیچہ وطنی، میٹرک امتحانا ت اختتام پذیر ہو گئے، ایک لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت

جمعرات 5 اپریل 2018 21:55

چیچہ وطنی۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) ساہیوال بورڈ کے میٹرک امتحانا ت مکمل شفافیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے، امتحانا ت میں ایک لاکھ 44ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی ،کلاس دہم کے 68ہزار 500اور کلاس نہم کے 76ہزار ایک سو طلبہ نے امتحان دیا جس کیلئے ڈویژن بھر میں بالترتیب 187اور213امتحانی سنٹرز بنائے گئے ،یہ بات کنٹرولر امتحانات قاضی عبدالناصر نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ،انہوں نے مزید بتایا کہ کلاس دہم میں 51ہزار 6سو سے زائد سائنس کے امیدوار اور 16ہزار 9سو سے زائد آرٹس کے امیدواروں نے شرکت کی ، اسی طرح کلاس نہم کے امتحان میں 60ہزار 8سو سے زائد سائنس اور 15ہزار 3سو آرٹس امیدواروں نے امتحان دیا ،انہوں نے کہا کہ سنٹرز پر فول پروف سکیورٹی انتظامات اور مسلسل چیکنگ سے نقل کے امکانات کو مکمل طور پر معدوم کیا گیا اور پیپرز کے دوران 28طلبا وطالبات کیخلاف نقل کے مقدمات اور 15طلبا و طالبات کیخلاف دوسرے کی جگہ امتحانات دینے کے مقدمات درج کروائے گئے،انہوں نے بتایا کہ کلاس دہم کے امتحانات میں نقل کے 19اور کلاس نہم کے 9مقدمات اور دوسرے امیدوار کی جگہ کلاس دہم کا امتحان دینے پر 7اور کلاس نہم کے 8مقدمات درج کئے گئے ،انہوں نے مزید بتایا کہ چیئر مین بورڈ اور کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی خصوصی ہدایت پر امتحانی مراکز کی چیکنگ کیلئے خصوصی موبائل انسپکٹرز اور موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے دور دراز امتحانی مراکز پر کڑی نظر رکھی تا کہ نقل کی کوئی شکایت نہ آ سکے ،کنٹرولر امتحانات قاضی عبدالناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شفافیت کے اس معیار کو مئی میں ہونیوالے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بھی اپنایا جائے گا تا کہ محنت کرنیوالے طلبا وطالبات کی حق تلفی نہ ہو اور انہیں اپنی محنت کا پورا پھل ملے ۔