وی پی این کی بدولت یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی، طلباء ہزارہ یونیورسٹی

جمعرات 5 اپریل 2018 21:39

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے طلباء و طالبات، ریسرچ سکالرز اور فیکلٹی کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحقیقی مواد تک کمپیوٹر کے ذریعہ رسائی کیلئے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) فراہم کر دیا۔

یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی نے یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے سکالرز کیلئے یہ سہولت متعارف کروائی ہے۔ مذکورہ سہولت کی بدولت یونیورسٹی کے سکالرز، فیکلٹی اور دیگر محققین کو یونیورسٹی سے باہر بھی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحقیقی رسائل و جرائد تک رسائی ممکن ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

وی پی این نیٹ ورکنگ فراہمی پر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور سکالرز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وی پی این کی بدولت یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات وی پی این اکائونٹ حاصل کرنے کے بعد کہیں سے بھی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے جرائد تک آن لائن رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس سلسلہ میں تمام معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.hu.edu.pk پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔