ایکواڈور کے سفیر جرمن ایلی آنڈرو اورٹیگا المیڈا کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

تاجر برادری کے ساتھ باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 5 اپریل 2018 21:42

ایکواڈور کے سفیر جرمن ایلی آنڈرو اورٹیگا المیڈا کا اسلام آباد چیمبر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) پاکستان میں تعینات ایکواڈور کے سفیر جرمن ایلی آنڈرو اورٹیگا المیڈا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ پاکستان و ایکواڈور کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایکواڈور کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت کو بہتر کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ متعدد اشاء کی تجارت کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ایکواڈور کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان جنوبی امریکہ کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکواڈور اور پاکستان کے نجی شعبوں میں براہ راست روابط کا فقدان ہے جس وجہ سے دونوں ممالک صلاحیت کے مطابق دوطرفہ تجارت کو فروغ نہیں دے سکے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکواڈور اور پاکستان کے درمیان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو بہتر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کثرت کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کریں اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط کے قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ ایکواڈور اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کی کوششوں میں چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی، تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش، تعمیرات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور آٹوموبائل سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مراعات فراہم کر رکھی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکواڈور کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

انہوںنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان میں کاروبار، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے متعدد نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں جبکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 9 سپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ ایکواڈور کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کریں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان 20کروڑ سے زائد صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جو کاروبار کیلئے پرکشش ہے لہذا ایکواڈور کے سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر پاکستان اور ایکواڈور کے مابین باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے ایکواڈور کے سفارتخانے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر ایکواڈور جنوبی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور مرکزی ایشیاء کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے لہذا پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات کا فروغ اس کی معیشت کیلئے متعدد فوائد کا باعث ہو گا۔

متعلقہ عنوان :