سلمان خان کو ایک اور رات جیل میں گزارنا پڑے گی ، جیل میں خطرناک قیدی موجود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 6 اپریل 2018 12:00

سلمان خان کو ایک اور رات جیل میں گزارنا پڑے گی ، جیل میں خطرناک قیدی ..
جودھ پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 اپریل 2018ء) : کالے ہرن کے شکار کیس میں گذشتہ روز جودھ پور کی عدالت نے بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔ جس کے بعد سلمان خان کو جودھ پور کی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا ۔ اس سے قبل ہی سلمان خان کی سکیورٹی سے متعلق جیل میں تمام انتظامات کر لیے گئے تھے، بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو سینٹرل جیل کی بریک نمبر ایک میں رکھا گیا انہیں قیدی نمبر 106 دیا گیا ، سلمان خان کو عام قیدیوں کی طرح دال روٹی بھی دی گئی جسے انہوں نے کھانے سے انکار کر دیا۔

جودھ پور کی سینٹرل جیل میں کئی خطرناک قیدی بھی موجود ہیں جس میں وہ معروف گینگسٹر بھی شامل ہے جس نے سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

(جاری ہے)

جودھ پور کی جیل میں بدنام زمانہ گینگسٹر لورن وشنوئی بھی قید ہے، یہ وہی گینگسٹر ہے جس نے سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی،اسی جیل میں بھارت کے مشہور ریپ کیس کے مجرم گرو رام رحیم سنگھ کو بھی رکھا گیا ہے جن کے مقدمے کے تین گواہ مارے جا چکے ہیں جبکہ تین تاحال لاپتہ ہیں۔

جیل میں شمبو لعل بھی قید ہے جس نے ایک مسلمان مزدور کو کلہاڑیوں کے وار کر کے نہ صرف قتل کیا بلکہ ایک ویڈیو کے ذریعے اس کا اعتراف بھی کیا۔ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر جودھ پور کی عدالت نے آج فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا جس کے تحت سلمان خان کو جودھ پور سینٹرل جیل میں ایک اور رات گزارنی پڑے گی۔ یاد رہے کہ سلمان خان کو نایاب ہرن کے شکار کیس میں جودھ پور کی عدالت نے گذشتہ روز سزا سنائی تھی۔

متعلقہ عنوان :