پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی زرعی نمائش ایگری ٹیک2018 پاکستان کا افتتاح محمد رفیق رجوانہ گورنر پنجاب نے کر دیا

ایگری ٹیک2018 پاکستان کے انعقاد کا مقصد بین الاقوامی سطح پر جدید زرعی مشینری کیلئے منڈیوں کا جائزہ لینا اور کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری سے آگاہی فراہم کرنا ہے ،ْمحمد رفیق رجوانہ

ہفتہ 7 اپریل 2018 13:08

پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی زرعی نمائش ایگری ٹیک2018 پاکستان کا ..
راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2018ء) محکمہ زراعت جدید زرعی مشینری کے فروغ کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی زرعی نمائش ایگری ٹیک2018 پاکستان کا افتتاح محمد رفیق رجوانہ گورنر پنجاب نے کیا۔ نمائش کیلئے سٹالز ایکسپو سنٹرجوہر ٹائون میں لگائے گئے ہیں۔ اس موقع پر محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب، مسٹر سٹیفنو پونٹی کاروواٹلی کے سفیرکے علاوہ محکمہ زراعت پنجاب کے افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر محمد رفیق رجوانہ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد کا مقصد بین الاقوامی سطح پر جدید زرعی مشینری کیلئے منڈیوں کا جائزہ لینا اور کاشتکاروں کو فارم کی سطح پر استعمال ہونے والی جدید زرعی مشینری سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس ایگری ٹیک ایکسپومیں زرعی ماہرین جدید زرعی مشینری کے تازہ ترین رحجانات اور پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش بین الاقوامی چیلنجز کے بارے میں بھی سپلائرز کے ساتھ اپنی رائے کا تبادلہ خیال کا موقع میسر آنے کی وجہ سے زرعی مشینری کے کاروبار کو فروغ حاصل ہو گا۔

اس نمائش میں زرعی مشینی مصنوعات کے متعلق کاشتکاروں کی راہنمائی بھی فراہم کی جارہی ہے جس سے وہ جدید زرعی مشینری کے استعمال کے بارے میں آگاہ ہو سکیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروںکی خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی رحجانات سے روشناس کرانے کیلئے اس نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے حکومت آئندہ بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی جبکہ اس موقع پر محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کو زرعی مشینری کی مصنوعات کی خرید و فروخت کیلئے ایک انٹرنیشنل پلیٹ فارم میسر آیا ہے ۔

پہلی بار جدید زرعی مشینری کی ترویج بین الاقوامی سطح پر کی جا رہی ہے ،اس نمائش نے زرعی مشینری کے کاروبار سے وابستہ افراد کو ایک چھت تلے اکٹھا کیا ہے جس سے ملکی سطح پر زرعی مشینری کے کاروبار کو تقویت حاصل ہو گی ۔اس نمائش میں بین الاقوامی کمپنیوں سے معاہدے بھی عمل میں آرہے ہیں جس سے پاکستان میں جدیدزرعی مشینری کو فروغ حاصل ہو گا۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ جدید زراعت میں منافع آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی اور زرعی مشینری کے استعمال کا مرہون ِ منت ہے ،اس زرعی مشینری کے استعمال سے نہ صرف کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے ۔

سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ مشینی زراعت کا فروغ محکمہ زراعت پنجاب کی ترجیحات میں سے ایک ہے، زرعی مشینری کی اسی اہمیت کے پیشِ نظر محکمہ زراعت خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت ہر ضلع میںاعلی ٹیکنالوجی کے حامل72 سروس سینٹرز کا قیام 1 ارب80 کروڑروپے کی لاگت سے عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان سینٹرز کے قیام سے نجی شعبہ کے تحت جدید زرعی مشینری وآلات کاشتکاروں کو کرایہ پر دستیاب ہوں گے ۔

اس مقصد کے لئے حکومت 25فیصد ،کارو باری طبقہ 25فیصد اور باقی 50فیصد مالی وسائل بینک فراہم کررہے ہیں ۔اس کاروبار میں کاشتکاروں کی مشترکہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ زراعت نے یونین کونسل کی سطح پر اربوں روپے کی لاگت سے جدید زرعی مشینری بھی کاشتکاروں کو مہیا کی ہے۔ اس نمائش میں دنیا بھر سے قریباً50 سے زائدبین الاقوامی کمپنیاں بھی اپنی جدید زرعی مشینری کی پروڈکٹس کو نمائش کر رہی ہیں جس سے زرعی مشینری کے جدیدبین الاقوامی رحجانات کے متعلق آگاہی بھی حاصل ہو گی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے امید ظاہر کی کہ یہ زرعی نمائش ملکی سطح پر زرعی مشینری کے فروغ کیلئے ایک مرکزی کردار ادا کرے گی اور اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کو زرعی مصنوعات خرید و فروخت کیلئے ایک انٹرنیشنل پلیٹ فارم میسر آجائے گا ۔نمائش میں منعقدہ سمینار میں مسٹر برنرڈ لی ڈوویگ،ریجنل پریذیڈنٹ ایسٹرن یورپ نے شرکاء کو جدید زرعی مشینری کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر فاطمہ فرٹیلائزر گروپ اور حکومت پنجاب کے مابین ڈیجیٹل ایگریکلچر اور ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن سینٹر کے قیام کیلئے معاہدے (ایم او یو)پر دستخط بھی ہوئے۔تقریب کے اختتام پر جناب محمد رفیق رجوانہ گورنر پنجاب نے پیداواری مقابلہ 2017-18 کے گندم،امرود،پھلوں اور دھان کے صوبائی و ٖضلعی جیتنے والے کاشتکاروں میں قیمتی زرعی مشینری کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔یہ دو روزہ نمائش کل تک جاری رہے گی۔