لیسکو نے لاہور چیمبر آف کامرس میں اپنا سہولیاتی ڈیسک قائم کردیا

ہفتہ 7 اپریل 2018 14:46

لیسکو نے لاہور چیمبر آف کامرس میں اپنا سہولیاتی ڈیسک قائم کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنا سہولیاتی ڈیسک قائم کردیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے سہولیاتی ڈیسک کا افتتاح کیا، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، فہیم الرحمن سہگل، اویس سعید پراچہ اور دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لیسکو سہولیاتی ڈیسک لاہور چیمبر کے ممبران کو فراہم کردہ سہولیات میں مزید ایک اضافہ ہے، ایف بی آر، نادرا، سمیڈا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹریفک پولیس کے سہولیاتی ڈیسک پہلے ہی ممبران کے لیے کام کررہے ہیں۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ لیسکو سہولیاتی ڈیسک سے نہ صرف لاہور چیمبر کے ممبران کے مسائل حل ہونگے بلکہ دونوں اداروں کے درمیان اعتماد سازی بھی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیسکو اپنے کسٹمرز کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی لیسکو کا مشن ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ لیسکو سہولیاتی مرکز لاہور چیمبر کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ اچھا شگون ہے کہ لیسکو جیسے اہم ادارے لاہور چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے بلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے خواب کو پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں مزید اداروں کے ساتھ اشتراک قائم کرے گا۔