بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کراچی کے پانچویں جلسہء تقسیم اسناد کا انعقاد

ہفتہ 7 اپریل 2018 17:24

کراچی ۔ 7 اپریل (اے پی پی( بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پانچویں ایم بی بی ایس اور دوسرے بی ڈی ایس کورس کا جلسہء تقسیم اسناد ہفتہ کو منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نی133 گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلبا کو میڈلز عطا کئے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس اہم کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ طلبا کے لئے یہ ایک اہم موقع ہے کہ جہاں سے وہ تحصیل علم کے بعد ایک ایسے پیشہ ورانہ دور میں داخل ہوتے ہیں جس کا واحد مقصد انسانیت کی خدمت ہے۔

مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے والے طلبا کو تلقین کی کہ وہ کردار کی تعمیر اور ایمان کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دیں اور ایک مثبت سوچ اور جذبہء قربانی کے ساتھ ذاتی مفادات کو پش پشت ڈالتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی کامیابیوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ کالج عصر حاضر کی میڈیکل سائنس کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لئے اپنے تعلیمی نصاب کو جدید طبی تحقیق کے مطابق ڈھالے ۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ تعلیمی نصاب کو جدید اور سہل بنانے کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جار ی رہنا چاہیے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) محمد شفیق نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلباکو یہ اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پر بہترین گریجویٹس تیار کرنے کی بھار ی ذمہ داری ہے جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں بحریہ یونیورسٹی وطن عزیز کو بہترین میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے جو معاشرے میں نمایاں مقام پیدا کرسکیں، لہذا بحریہ یونیورسٹی اپنے طلباکو تحصیل علم کے لئے بہترین ماحول مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے تاکہ شعبہء صحت کے لئے بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹرز تیار کئے جاسکیں۔ تقریب میں ماہرین تعلیم، پاک بحریہ کے افسران پاس آئوٹ ہونے والے طلباکے والدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :