سپیشل بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد

ہفتہ 7 اپریل 2018 21:00

سپیشل بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات ..
فتح جنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور یہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان سپیشل بچوں کی بہبود کے لئے کام کر کے ہم اپنی دنیا اور آخرت دونوں سنوار سکتے ہیں، خصوصی بچے صلاحتیوں میں دیگر بچوں سے کسی طور کم نہیں ہوتے بلکہ یہ صرف ہماری توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔

انہو ںنے کہا کہ حکومت ان خصوصی افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے کہا کہ حکومت نے سپیشل افراد کا سرکاری ملازمتوںمیں کوٹہ بھی مقرر کیا ہے اور اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی ان کے لئے بھرپور جدوجہد کی جارہی ہے، اس موقع پر خصوصی بچوں کی طرف سے ملی نغمے اورٹیبلوز بھی پیش کئے گئے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں طلباء و طالبات نے تقاریر کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، تقریب میں موجود ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات اور دیگر مقررین نے ان خصوصی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور تقریب کے آخرمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے جبکہ معزز مہمانوں میں خصوصی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔