پاکستان مسلم لیگ (ن) کسی بھی قومی ادارے کے خلاف نہیں،اس نے ہمیشہ قومی اداروں کے استحکام کے لیے کام کیا،وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 7 اپریل 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کسی بھی قومی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ اس نے ہمیشہ قومی اداروں کے استحکام کے لیے کام کیا ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کسی بھی ادارے کے خلاف پالیسی پر یقین نہیں بلکہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) احتساب کے حق میں ہے لیکن یہ بلاامتیاز اور سب کا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے مذید کہا کہ محمد نواز شریف اپنے لیے کسی ریلیف کی تلاش میں نہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ملکی قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں لیکن کوئی بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جو خیبرپختونخوا میں مکمل اختیارات کے مزے لوٹ رہی ہے نے وہاں احتساب کے دفتر کو تالے لگوا دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی سیاستدانوں پر تنقید کرتا ہے کیونکہ وہ سب کے لیے آسان ہدف ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہماری جماعت کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ اب بھی محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ عام انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔