ترک وزیراعظم نے طالبان سے افغان امن عمل میں شمولیت کا مطالبہ کردیا

دہشت گردی کیخلاف ترکی کا افغانستان سے تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا، شاہد خاقان عباسی کا دورہ افغاستان بڑا اقدام تھا، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

اتوار 8 اپریل 2018 18:20

ترک وزیراعظم نے طالبان سے افغان امن عمل میں شمولیت کا مطالبہ کردیا
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2018ء) ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے طالبان سے افغان امن عمل میں شامل ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ترکی کا افغانستان سے تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ترک وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو دورہ افغانستان کے دوران کہی ۔ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ترکی کا افغانستان سے تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ افغانستان بہت بڑا اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان بھی امن عمل میں شریک ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ افغان امن کیلئے سہ فریقی طریقہ کار بنایا جائیگا، افغانستان سے وفود کی سطح پر دفاع اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوگی۔عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کیلئے ترکی کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغان ترک تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے ترک وزیراعظم کے دورے کو اہم قرار دیا۔