ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جواز نہیں ہے مگر4سال میں ترقی کی تیزرفتاری کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈیمانڈ اور سپلائی میں عدم توازن آرہا ہے-نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 9 اپریل 2018 11:21

ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جواز نہیں ہے مگر4سال میں ترقی کی تیزرفتاری کی وجہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل۔2018ء) مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے کہاہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا جواز نہیں ہے تاہم پچھلے 4سال میں ترقی کی تیزرفتاری کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈیمانڈ اور سپلائی میں عدم توازن آرہا ہے- احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیمنٹ کے پلانٹ کی استعداد بڑھائی جارہی ہے جبکہ اسٹیل انڈسٹری بھی ترقی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما فیصلے کی وجہ سے ترقی کرتا پاکستان تنزلی کی طرف جا رہا ہے، روپے کی قیمت نیچے گرگئی ہے اورغیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں نگران حکومت کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ عدالت کی براہ راست کارروائی کی درخواست کے بارے میں وکلاءسے مشاورت کروں گا ‘ نگراں حکومت کے بارے میں صرف اتنا بتاسکتا ہوں کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

نواز شریف نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کسی قسم کے جوڈیشل مارشل لاءپر یقین نہیں رکھتے، مجھے پارٹی صدارت سے ہٹانا اور سینیٹرز سے سلوک چیف جسٹس کی باتوں کی نفی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سینیٹرز سے جو سلوک ہوا وہ باتیں ان چیزوں کی نفی کرتی ہیں جو چیف جسٹس صاحب نے کیں، عمران خان اور آصف زرداری کے منہ سے وہ باتیں نکل رہی ہیں جوچیف جسٹس کہہ رہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ پاناما کیسز کے باعث ملک میں اس وقت غیریقینی صورت حال ہے، اس وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی جس سے ملکی قرضے کھربوں روپے بڑھ چکے جو کہ بہت افسوسناک ہے۔اللہ کاشکرادا کرتے ہیں کہ نیوائیر پورٹ کا منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔نواز شریف نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں،الیکشن لڑنے کے لیے سب کو ایک جیسے مواقع ہونے چاہئیں،مجھے نون لیگ کے صدر کے عہدے سے ہٹانے کی مدت پر فیصلہ آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تک کہا جا رہا ہے کہ پنجاب کی کارکردگی بہت کمزور ہے،ان الفاظ کی منطق اور گفتگو کی سمجھ نہیں آتی، آپ کے پی،کراچی،بلوچستان کو بھی جانتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی بھی بتادےگا کہ سب سے بہتر کارکردگی پنجاب کی ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیف جسٹس نے شفاف انتخابات کے بارے میںجو کہا کہ آزاداورشفاف الیکشن کرائیں گےاور آئین میں توسیع کی گنجائش نہیں ہے یہ باتیں بالکل درست ہیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں موجود ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرشریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں۔اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن )کے قائداور سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر احتساب عدالت میں موجود ہیں۔سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارثاستغاثہ کے گواہ واجد ضیاءپر جرح کررہے ہیں۔خیال رہے کہ 6 اپریل کوشریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیرکی عدم موجودگی کے باعث ملتوی ہوگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :