چیف جسٹس کا بلوچستان میں سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورت حال پراظہار برہمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 9 اپریل 2018 16:23

چیف جسٹس کا بلوچستان میں سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورت ..
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل۔2018ء) سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری نے بلوچستان میں سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورت حال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سابق وزراءاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ اور نواب ثناءاللہ زہری کو طلب کرلیا ہے۔سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منظور علی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے نے یہ احکامات بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں اور کالجوں کے حالت زار پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے جاری کیے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ وزراءاعلیٰ نے اپنے دور انتظامات کی بہتری کے لیے کیا کام کیا ہے۔ انہوں نے حکم جاری کیا کہ ان تمام وزراءاعلیٰ جنہوں نے یہاں گزشتہ 4 سال کے عرصے میں حکمرانی کی ہے کو طلب کریں۔

(جاری ہے)

عدالت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر صحت میر ماجد آبڑو اپنا موقف دینے کے لیے پہنچے۔بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم نور الحق بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں تقریباً 10 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت ان بچوں کو سکولوں میں بھرتی کرنے میں کیوں ناکام ہوگئی ہے۔

سیکرٹری تعلیم نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں تقریباً 26 لاکھ بچے سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔سپریم کورٹ نے دو سابق وزراءاعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور نواب ثناءاللہ زہری کو صوبے میں انتظامی امور کو بہتر بنانے میں ناکامی کی وجوہات بتانے کے لیے عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔سیکرٹری صحت بلوچستان صالح نثر نے عدالت کو بتایا کہ اگلے 10 دنوں میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت کی بہتری کے لیے پالیسی تشکیل دے دی جائے گی۔

چیف جسٹس نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ کوئٹہ کے سول ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔علاوہ ازیں چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس اسٹاف کی جانب سے جاری ہڑتال کے کیمپ کو بھی دورہ کیا اور ان کے دورے کے پیش نظر پیرا میڈکس اور ینگ ڈاکٹرز نے اپنی ہڑتال ملتوی کردی۔بعد ازاں سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق ہزارہ کمیونٹی کے وفد نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے ہزارہ کمیونٹی کو مسائل کو قانون کے مطابق حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :