سابق اورموجودہ پرنسپل گرلز انٹر کالج پونا ضلع بھمبر جعلی تقرری کی پاداش میں گرفتار

پیر 9 اپریل 2018 18:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء)آزاد جموں وکشمیراحتساب بیورو نے سابق اورموجودہ پرنسپل گرلز انٹر کالج پونا ضلع بھمبر کو جعلی تقرری کی پاداش میں گرفتار کر لیا گیا۔ملزم اکرم ناز ریٹائرڈ پرنسپل پر یہ الزام تھا کہ انھوں نے بدوں اختیار ایگروٹیک معلمہ کی تقرری عمل میںلائی جبکہ تقرری کا اختیار ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایگروٹیک کے پاس تھا۔

گرفتار ہونے والے دوسرے پرنسپل محمد امین نیازی کو اس پاداشت میں گرفتار کیا گیا کہ ملزم مذکور نے غلط کی گئی تقرری کو بطور آفیسر زربرار تنخواہ کی ادائیگی جاری رکھی۔دونوں ملزمان نے احتساب بیورو م میں جعل سازی کے ذریعہ ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز کی طرف سے جعلی توسیع آرڈر احتساب بیورو میں پیش کیا جس کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز نے کی گئی تقرری کی توسیع کی جبکہ احتساب بیورو کی جانب سے پیش کردہ مکتوب کی تصدیق حاصل کرنے کیلئے ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے اس مکتوب کو جعلی قرار دیا اسطرح ملزمان مذکوران نے بدوں اختیارات نہ صرف غلط تقرری کی بلکہ جعلسازی کی بھی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ریٹائرڈ پرنسپل اکرم ناز نے یہ جعلی تقرری سال 2012 میں عمل میںلائی اور اس وقت تک جعلی تقرری کے ذریعہ تعینات ہونے والی معلمہ نے تقریباً10 لاکھ روپے کا مالی مفاد حاصل کیا۔دونوں ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے سیف ہائوس احتساب بیورو میرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو احتساب کورٹ میں پیش کرتے ہوئے ریمانڈ حاصل کرتے ہوئے مزید تفتیش عمل میںلائی جائے گی۔یہ بات ترجمان آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی۔