بھارتی انتخابی ڈھونگ کے دوران شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

بھارت کو کشمیر پر غیر قانونی تسلط جاری رکھنے کا کوئی حق نہیں، سید علی گیلانی

پیر 9 اپریل 2018 19:51

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے گزشتہ سال آج کے دن ضلع بڈگام میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے شہید ہونیوالے آٹھ کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے گزشتہ سال بڈگام ، سرینگراور گاندر بل کے اضلاع میں بھارت کے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے خلاف احتجاجی مظاہروں پراندھا دھند فائرنگ کرکے آٹھ نوجوانوں کو شہید اور دو سو سے زائد کو زخمی کردیا تھا ۔سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ان تمام شہداء نے یہ پیغام دیا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی فوجیوں کے تمام تر مظالم کے باوجود کبھی بھی اپنی جدوجہد آزادی ترک نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم نے کہاہے کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ بھارتی انتخابات کو انتخابی ڈھونگ قراردیا ہے کیونکہ کشمیر کوئی انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ حق خودارایت کا مسئلہ ہے ۔ محمد اشرف صحرائی نے کہاکہ شہداء جدوجہد آزادی کشمیرمیں عوام کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوںنے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

ادھر ضلع بڈگام میں گزشتہ سال بھارت کے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے شہریوں کی یاد میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے حکم پرتمام سکول اور کالج بند تھے ۔ شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں بھی گزشتہ اتوار کو فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے خلاف مسلسل نویں دن بھی مکمل ہڑتال کی گئی ۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالم دین مولانا شوکت احمد شاہ کو انکے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ حریت رہنمائوں آسیہ اندرابی اورزمردہ حبیب نے اپنے الگ الگ بیانات میں بھارتی پولیس کی طرف سے گزشتہ روز پلوامہ میںسات خاتون کارکنوں کی گرفتاری کی شدیدمذمت کی ہے ۔

حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ ، میر شاہد سلیم اور جاوید احمد میر نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران کشمیری عوام کی جاری نسل کشیُ بند کرنے پر زوردیا۔ جماعت اسلامی نے ایک بیان میں مختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ۔ کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت نے کشمیرکے عوام خاص طورپر نوجوانوں کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔