سعودی عرب اور بھارت کے درمیان سائبر کرائمز کے انسداد میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

بدھ 11 اپریل 2018 12:01

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2018ء) سعودی عرب اور بھارت کے درمیان سائبر کرائمز کے انسداد میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق خادم حرمین نے کابینہ اجلاس میں سعودی وزارت داخلہ اور بھارت کے درمیان سائبر کرائمز کے انسداد کیلئے تعاون کی منظوری دی تھی۔ کابینہ نے وزیر داخلہ کے نائب کو بھارتی وزارت داخلہ کے ساتھ اس حوالے سے یادداشت پر دستخط کا اختیار تفوض کیا۔

(جاری ہے)

کابینہ اجلاس میں مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی کارروائی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے ٹھوس موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب قضیہ فلسطین اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق دلوانے کا نہ صرف داعی ہے بلکہ فلسطینیوں کی آزاد ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اس کے لئے کوششیں بھی جاری رکھے گا۔کابینہ نے مشرقی غوطہ کے شہر دوما پر کیمیائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شامی عوام پرکیمیائی حملہ عالمی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔عالمی برادری کو اس حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :