مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا

بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ‘ انسانی حقوق کمیشن اور او آئی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 11 اپریل 2018 12:05

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا ..
اسلام آباد۔ 11اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بالخصوص بھارتی افواج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے پاکستان عالمی سطح پر اقوام متحدہ‘ انسانی حقوق کمیشن اور او آئی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے‘ اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں پروین مسعود بھٹی کے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا گیا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے 88 ہائی کمیشنز کام کر رہے ہیں۔ ایک ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور او آئی سی کے ساتھ اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چین میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات کی جس میں اس مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتی مشنز بھی اس مسئلے پر کام کر رہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔