مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے کولگام میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے

قابض فوجیوں نے آپریشن کے دوران چار رہائشی مکانات کو بھی آگ لگا دی۔ علاقے میں فوجی آپریشن اور بھارت مخالف مظاہرے جاری

بدھ 11 اپریل 2018 14:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کولگام میں دو اور کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کاررئی کے دوران ضلع کے علاقے کھڈونی میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے دو نوجوان زخمی کر دیے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسے۔

(جاری ہے)

شہید ہونیو الے ایک نوجوان کی شناخت 28سالہ شرجیل احمد شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔قابض فوجیوں نے آپریشن کے دوران چار رہائشی مکانات کو بھی آگ لگا دی۔آخری اطلاعات تک علاقے میں فوجی آپریشن اور بھارت مخالف مظاہرے جاری تھے۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لیے ضلع کولگام میں تمام تعلیمی ادارے بندکر دیے ہیں ۔ ادھر بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو گرفتار کر کے اسلام آباد قصبے کے شیر گڑھی تھانے میں نظر بند کر دیا۔