بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے‘میر محمد یونس

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سمیت سانحہ پلوامہ شوپیاں کے شہداء کے ورثاء سے بھارت معافی مانگے

بدھ 11 اپریل 2018 14:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) ممبر کشمیر کونسل و سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر میر محمد یونس نے کہا کہ بھارت اپنی مکاری سے باز نہ آیا ! لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سمیت سانحہ پلوامہ شوپیاں کے شہداء کے ورثاء سے بھارت معافی مانگے ،بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے ،نظر بند حریت رہنمائوں کو فوری طور پر رہا کرے ! بصورت دیگر پوری دنیا میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئینگے جس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی ۔

میر محمد یونس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنی دہشتگرد فوج اور دیگر اداروں کو نکالنے پر مجبور ہوگا ،بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے ! گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے نواحی علاقے پلوامہ اور شوپیاں میں مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اقوام ِ متحدہ نے بھی نوٹس لے لیا جو کہ بھارتی حکومت کی جمہوریت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم بند نہ کیا تو نتائج برے آسکتے ہیں ، جنوبی ایشیاء میں بار بار بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے جو کہ درست نہیں ہے !۔اُنہو ں نے کہا کہ شام میں مسلمانوں پر کیمیائی ہتھیار وں سے فائرنگ کی جارہی ہے جبکہ وہی ہتھیار بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر استعمال کئے جارہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ اسرائل اور بھارت مل کر مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں ! ۔اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے بھارت پر فوری طور پر پابندی عائد کرے ، بصورت دیگر کشمیری پوری دنیا میں احتجاج کریں گے جس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :