زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کے درمیان روابط بڑھا کر اجناس کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے، ماہرین زراعت

جمعرات 12 اپریل 2018 15:01

فیصل آباد۔12 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کے درمیان روابط بڑھا کر اجناس کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے نیز اس اضافہ کے باعث زرعی اجناس کی برآمد ملکی معیشت کو مستحکم اور اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کی تعلیم و تربیت اورا نہیں جدید رجحانات سے آگاہ کرنے سمیت مشاورت ، رہنمائی و معلومات کی فراہمی کے سلسلہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ماہرین زراعت نے کہا کہ پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ، کیمیائی کھادوں کا بر وقت استعمال ، منظور شدہ بیجوں کی بوائی ، سفارش کردہ زہروں کا سپرے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی اشد ضروری ہے جو کہ پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کھادیں اور کرم کش ادویات کیڑوں میں قوت مدافعت کو روکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ زمیندار ، کاشتکار ، کسان کسی بھی قسم کی معلومات ، اطلاعات ، رہنمائی یا مسائل کے سلسلہ میں کسی بھی وقت ماہرین زراعت سے رابطہ کر سکتے ہیں جو کسانوں سے ان کے مسائل دریافت کرنے سمیت انہیں مفید مشورے بھی فراہم کریں گے۔