اقتصادی ترقی کی خاطر جرمنی کو غیر ملکی ہنر مند افراد کی ضرورت

امیگریشن کے بغیر جرمن لیبر مارکیٹ میں استحکام رکھنا مشکل ہو سکتا ہے،اکنامک انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ

جمعرات 12 اپریل 2018 15:06

اقتصادی ترقی کی خاطر جرمنی کو غیر ملکی ہنر مند افراد کی ضرورت
برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) جرمنی کو اپنی اقتصادی ترقی اور خوشحال معیشت کو برقرار رکھنے کے لیے غیر ملکی ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں نان یورپی یونین کے شہریوں کو جرمنی میں کام کرنے کے زیادہ مواقع میسر آ سکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک تازہ مطالعاتی رپورٹ کے نتائج کے حوالے سے بتایا گیا کہ جرمنی میں زیادہ ہنرمند افراد کی ضرورت ہے۔

جرمن اکنامک انسٹی ٹیوٹ (آئی ڈبلیو) کی طرف سے مرتب کردہ اس رپورٹ کے مطابق امیگریشن کے بغیر جرمن لیبر مارکیٹ میں استحکام رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔اس رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2012تا جون 2017 کے عرصے کے دوران جرمنی میں ملازمت کرنے والے غیر ملکی افراد کی تعداد میں 1.3 ملین کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اسی عرصے کے دوران لیبر مارکیٹ میں جرمن باشندوں کی تعداد میں اضافے کا تناسب 1.6 ملین بنتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جرمن میں ملازمت حاصل کرنے والے تین لاکھ چھیاسی ہزار غیر ملکیوں کا تعلق ایسے ممالک سے ہے، جو یورپی یونین کا حصہ نہیں ہیں۔ ان اعدادوشمار کی روشنی کے تناظر میں اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ چند برسوں کے دوران جرمن شہریوں میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ بھی ممکن ہے۔اس رپورٹ میں یہ پیشن گوئی بھی کی گئی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جرمنی اپنی لیبر مارکیٹ کے حوالے سے نان یورپی یونین ممالک پر زیادہ انحصار کرنے لگے گا کیونکہ مستقبل میں جرمنی کے علاوہ یورپی یونین کے دیگر ممالک میں ہنر مند افراد کے عمر رسیدہ ہو جانے کے باعث نوجوان نسل کو اپنے ہی ممالک کی لیبر مارکیٹ کا خلاء پٴْر کرنے کا کہا جائے گا۔

یورپی یونین میں ان مسائل کی ایک وجہ شرح پیدائش میں کمی اور نوجوان ہنر مند افراد کی تعداد میں میں کمی قرار دی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :