مقبوضہ کشمیر، نوجوانوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال، وادی میں کرفیو، پابندیاں

جمعرات 12 اپریل 2018 19:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے گزشتہ روز ضلع کولگام کے علاقے کھڈ ونی میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار کشمیری نوجوانوں کے قتل اور بیسیوں افراد کو زخمی کیے جانے کے بہیمانہ واقعے کے خلاف پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔

دکانیں اورکاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل تھی۔ جموں خطے کے علاقے بانیہال میں بھی ہڑتال کی گئی۔ فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع کولگام کے علاقے کھڈونی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران چار نوجوان شرجیل احمد، بلال احمد، فاضل الہٰی اور اعجاز احمد شہید کر دیے تھے۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے کولگام اور سرینگر سمیت مقبوضہ وادی کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں میں کرفیو اور دیگر پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔

تاہم نوجوان خاص طور پر طلباء نے پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سرینگر اور سوپور میں کشمیر یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف ایگری کلچر سائنسز ایند ٹیکنالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سمیت مختلف مقامات پر زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ طلباء نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ بڑی تعداد میں طالبات نے بھی ہوسٹلوں سے باہر آکر احتجاجی مظاہرے کیے۔

یاد رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دیا تھاجبکہ کشمیری یونیورسٹی نے تمام امتحانات ملتوی کر دیے تھے۔ ٹرین سروس بھی معطل رہی جبکہ وادی کے تمام جنوبی اضلاع میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھی گئی۔ ضلع کپواڑہ کے علاقوں درگمولہ اور بمہامہ میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

سرینگر کے علاقے وانگپورہ میں بھی بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ’’قتل عام بند کرو‘‘،’’ کشمیریوں کی نسل کشی بند کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔ مشترکہ حریت قیادت نے احتجاجی مظاہروں کی کال بھی دی تھی۔ انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی ،محمدیاسین ملک، مختار احمد وازہ، محمدیوسف نقاش،ہلال احمد وار، جاوید احمد میر، بلال صدیقی، ظفر اکبر بٹ اورمحمد اشرف لایہ کو گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند رکھا۔

بھارتی فوجیوں کی طرف سے کولگام میں شہید کئے گئے نوجوانوںکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال جامع مسجد کشتواڑ کے امام فاروق احمد کچلو نے دی ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں کی طرف سے ضلع پلوامہ میں ایک تھانے پر گرینیڈ حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوجیوں نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی عمل میں لائی۔

متعلقہ عنوان :