پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام ’’فوڈ سیفٹی آگاہی ‘‘سیمینار کا انعقاد ‘وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعرات 12 اپریل 2018 20:43

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور کے زیر اہتمام ’’فوڈ سیفٹی آگاہی ‘‘سیمینار کا انعقاد گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کیا گیا ۔ جس میں سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد ‘چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں ‘وزیر اعلی پنجاب کے سابق معاون خصوصی خادم حسین قصوری ‘وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ‘تاجر رہنمائوں رانا ممتاز علی خاں ‘لالہ صادق گجر ‘محمد اکرم مغل ‘محمد آصف بھٹی‘ڈاکٹر محمد علی ‘آصف علی کھوکھر ‘حاجی ریاض احمد ‘فوڈ اتھارٹی کے افسران ‘ہوٹل اور بیکر مالکان اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنیوالے دوکانداران و مالکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فوڈ اتھارٹی کے افسران کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہمارا مشن صحت مند پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں فوڈ سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹل مالکان و دیگر کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی سے لائسنس بنوائیں اور فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری کر دہ تمام ایس او پیز جن میں تمام ورکرز کے میڈیکل ‘کھانے پینے کی جگہ پر سیگریٹ نوشی سے پرہیز ‘کھانا تیار کرنے کی جگہ پر صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال ‘احاطہ کچن میں واش روم نہ بنانے ‘معیار ی خام مال کا استعمال ‘کچی اور پکی اشیاء کو فریزر میں الگ الگ رکھنے ‘تمام اشیائے خورونوش کو فوڈ لیول پر رکھنے ‘ورکرز کیلئے صاف ستھرے اور جراثیم سے پاک کپڑے پہننے ‘ناخن کٹے ہوئے اور کسی بھی قسم کی جیولری استعمال نہ کرنے وغیرہ شامل ہیں پر سختی سے عمل کرنے اور احفظان صحت کے بنیادی اصولوں کو اپنا کر ہم ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں ۔

اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے ان اصولوں کو اپنانے کے عزم کا اظہار کیا مگر انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ان بنیادی اصولوں کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ دوکانداروں کوانکی حیثیت کے مطابق کم سے کم جرمانہ کیا جائے اور ڈی سیلنگ کا اختیار ضلعی سطح پر منتقل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر رہنمائوں کی مشاورت سے ایسی پالیسی بنائی جائے جس میں نہ صرف کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ ہو سکے بلکہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بتائے گئے بنیادی اصولوں پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔

تاجر رہنمائوں نے یقین دلایا کہ وہ کسی ملاوٹ کرنیوالے یا عوام الناس کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے لوگوں کا ہرگز ساتھ نہیں دینگے کیونکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل سے ہی ملک و قوم کی ترقی ممکن بنائی جا سکتی ہے ۔ بعدازاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے مختلف تاجروں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیئے ۔

متعلقہ عنوان :