میرٹ پر کام کر کے حکومت پنجاب کے ویژن کو آگے بڑھایا، ایجوکیٹرز کی میرٹ پر بھرتیوں سے تعلیمی میعار بہتر ہوا ہے، ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات

جمعرات 12 اپریل 2018 23:17

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے میرٹ پر کام کر کے حکومت پنجاب کے ویژن کو آگے بڑھایا، 4000سے زائد ایجوکیٹرز کی بھرتیوں میں بھی میرٹ کو سر فہرست رکھا، یہی وجہ ہے کہ ہمارے تعلیمی میعار میں بھر پور اضافہ ہوا ہے، پنجاب ایگزامینیشن کے تحت گریڈ 5اور گریڈ 8میں ہمارے طلبا و طالبات نے انتھک محنت کی اور ہمارے تعلیمی اداروں کا رزلٹ 87فیصد رہا، علم ایک ایسا ہنر ہے جسے نہ کوئی چھین سکتا ہے اور نہ چرا سکتا ہے اور نہ ہی علم حاصل کرنے کی کوئی حد ہے، ضلع اٹک کے تعلیمی سربراہان اور ٹیچرز مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے تعلیمی معیار کو کسی طور پر بھی کم نہیں ہونے دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 2میں ضلع بھر میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی ،خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن نثار احمد میو، ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری راجہ امجد ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر دائود کیانی، ڈسٹرکٹ آفیسر عمران قریشی ، پرنسپل گرلز ہائی سکول مسز ساجدہ مختار عفت کے علاوہ ٹیچرز ، طلبا و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری راجہ امجدنے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ہمارے اساتذہ نے حکومت پنجاب کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے انتہائی محنت اور جان فشانی سے تعلیمی میعار کو بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں یہ مثال دی جاتی تھی کہ پرائیویٹ سکولوں میں داخلہ نہیں ملتا وہ حکومتی تعلیمی اداروں میں داخلہ لیتے ہیں لیکن آج اللہ کے کرم سے تعلیمی اداروں میں میعار تعلیم دیکھتے ہوئے والدین حکومتی تعلیمی اداروں کو اہمیت دے رہے ہیں یہ سب اساتذہ کی محنت اور کاوشوں کانتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں پانچویں جماعت میں مجموعی طور پر 29ہزار 412طلبا نے حصہ لیا جس میں پاس طلبا و طالبات کی تعداد 25ہزار 602رہی اس طرح ضلع اٹک کا نتیجہ 87.05فیصد رہا، آٹھویں جماعت میں مجموعی طور پر 22ہزار 960طلبا نے حصہ لیا جبکہ 19ہزار 901طلبا و طالبات کامیاب رہے یہ نتیجہ بھی 87فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی میدان میں پنجاب کے 36اضلاع میں ضلع اٹک 12رویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ 5کے 2018کے امتحان میں نویرہ ظفر نے 500میں سے 481نمبر حاصل کر کے ضلع بھر میں اول پوزیشن حاصل کی حوریہ خان نے 479نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ رابعہ ارشد نے 477نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح آٹھویں جماعت کے طلبا و طالبات میں محمد طیب نے 500نمبروں میں سے 488نمبر حاصل کر کے ضلع بھر میں اول پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسرے نمبر پر زیب شہزاد نے 483نمبر حاصل کیے اور تیسری پوزیشن پرسعدیہ چوہدری نی482نمبرحاصل کیے ان پوزیشن ہولڈرز کو ڈپی کمشنر اٹک نے انعامات سے نوازہ اور ان کومزید محنت اور لگن سے پڑھنے کی تاکید کی ۔

متعلقہ عنوان :