پی ای سی انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، گورنر پنجاب

جمعرات 12 اپریل 2018 23:52

پی ای سی انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، گورنر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے زیر اہتمام انجینئرز ڈسکاؤنٹ کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ای سی انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، چیئرمین انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید قریشی نے انجینئرز کی سہولت کیلئے ڈسکاؤنٹ کارڈ متعارف کرا کر باقی پیشوں سے وابستہ کونسلز اور پروفیشنل باڈیز کیلئے مثال قائم کر دی ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کے انجینئرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے تمام تر مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید قریشی نے انجینئرزسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈسکاؤنٹ کارڈ سے انجینئرز ملکی اور بین الاقوامی سطح کے معروف برینڈز پر خصوصی رعایت سے مستفید ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

انجینئرز کے لئے بہت قلیل مدت میں وہ اقدامات کئے جو پچھلے 70 سالوں میں نہ ہو سکے۔واشنگٹن اکارڈ کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کے بعد آج ہماری انجینئرنگ کی تعلیم کو بین القوامی سطح پر تسلیم کر لیا گیا ہے جو پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ جبکہ انجینئرز کے لئے بائیو میٹرک نظام اور آن لائن رجسٹریشن متعارف کروانے سے پی ای سی میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا مشن انجینئرنگ کونسل میں اصلاحات لانا تھا۔ آج کونسل کے دفاتر رول ماڈلز ہیں جن میں انجینئرز کے لئے تمام تر سہولیات موجود ہیں ہم انجینئرز کے لئے انجینئرنگ اکیڈمی اور کلب بنا رہے ہیں جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انجینئر جاوید قریشی نے مزید کہا کہ انجینئرز کے روزگار کے لئے ذاتی طور پر ہر ممکن کوشش کی اور بلاآخر بارہ ہزار ینگ انجینئرز کو سپر وائزری لائسنس کی بدولت روزگار فراہم کیا جبکہ بیس ہزار پیڈ انٹرنشپس ینگ انجینئر کی منتظر ہیں۔

ہم نے انٹرنیشنل کمپنیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ ستر فیصد پاکستانی انجینئرز کو ملازمت فراہم کرے جس سے انجینئرز کو روزگار کے مزید مواقع میسر ہونگے۔ چیئرمین پی ای سی نے مزید کہا کہ سروس سٹرکچر کے حوالے انجینئرز کو جلد نوید سنائیں گے۔تقریب کے آغا ز میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے چیئرمین پی ای سی انجینئر جاوید سلیم قریشی کے ہمراہ انجینئرز ڈسکاؤنت کارڈ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں انجینئرز نے شرکت کی اور معروف کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز سے خصوصی ڈسکاؤنٹس سے بھی مستفید ہوئے۔

متعلقہ عنوان :