Live Updates

کراچی،بلاول زرداری کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے،الیاس شیخ

لاول زرداری ابھی سیاست کی نرسری میں بھی داخل نہیں ہوئے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں بلاول سمیت پوری پیپلز پارٹی کو منہ کی کھانی پڑے گی، تحریک انصاف سندھ کے رہنمائوں کا بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل

جمعرات 12 اپریل 2018 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات طاہر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں پی پی چیئرمین بلاول زرداری کی جانب سے عمران خان کو کراچی میں الیکشن لڑنے سے متعلق منفی بیانات کے جواب میں کہا ہے کہ بلاول زرداری کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔

بلاول زرداری ابھی سیاست کی نرسری میں بھی داخل نہیں ہوئے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں بلاول سمیت پوری پیپلز پارٹی کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ کراچی کے حالات بدلنے کے دعوے کرنے والے بلاول زرداری بتائیں کہ ان کی پارٹی نے سندھ کے دس سالہ دور حکومت میں کراچی کے لئے کیا کام کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وراثت میں ملنے والی پارٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بلاول زرداری کا عمران خان کی اکیس سالہ جدوجہد پر تنقید کرنا بلاول زرداری کی کم عقلی اور بچکانہ رویہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری با شعور ہیں اور کسی بچے کی باتوں میں آ کر اپنے مستقبل کو تاریکی میں نہیں ڈال سکتے۔ کراچی کے شہریوں نے ماضی میں بھی تحریک انصاف کو بھاری تعداد میں ووٹ دے کر پی ٹی آئی اور چیئرمین عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا تھا۔ کراچی کے شہری اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس طرح پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی شہر کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر اپنے محلات اور جائیدادیں بنائیں اور پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی اور سوئس بنکوں میں بھیجا۔چیئرمین عمران خان کراچی سے الیکشن لڑیں گے بھی اور جیت کر بھی دکھائیں گے۔ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کا پنجاب کی طرح سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا۔ #
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات