کاٹن مشن 2025 کی تیاری کا مقصد صوبہ میں 20ملین گانٹھ روئی پیدا کرنا ہے‘ سیکرٹری زراعت پنجاب

جمعہ 13 اپریل 2018 01:20

ملتان۔12 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2018ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کاٹن مشن 2025 کی تیاری کا مقصد صوبہ میں 20ملین گانٹھ روئی پیدا کرنا ہے‘ کاٹن مشن ایک روڈ میپ ہے جس کے ذریعے کپاس کو اس کے اصل مقام پر لے کر جانا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ، تجاویز اور آراء حاصل کی جائیں گی اور کپاس کی فصل کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔

اس مقصد کے حصول کیلئے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ کپاس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے سیڈ ٹیکنالوجی و دیگر اہم پہلوئوں پر تحقیق کیلئے سائنسدانوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کپاس کی کاشت یکم اپریل سے 31 مئی تک ہر حالت میں مکمل کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت درمیانی اور طویل مدتی پلاننگ کے تحت پوری سپلائی چین کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

کاٹن کونسل کی تشکیل کی جاری ہے کاٹن کونسل کی باڈی گورنمنٹ، گروورز، ایپٹما، پی سی جی اے و دیگر پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گزشتہ سیزن کے دوران گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے پی بی روپس کا کاشتکاروں کو بہت فائدہ ہوا۔ اس سیزن میں بھی فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ والوں کو چاہیے کہ وہ پرائیویٹ انڈسٹری کو بھی پی بی روپس درآمد کرنے کی اجازت دیں تاکہ کپاس کے کاشتکاروں اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشن کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اگلے دو ہفتوں کے دوران گلابی سنڈی کی تلفی کیلئے بھرپور مہم چلائے کیونکہ گلابی سنڈی کی پہلی نسل کی جتنی زیادہ بہتر اور موثر تلفی یقینی بنائی جائے گی اتنا ہی ہماری آئندہ فصل اس سنڈی کے ممکنہ حملے سے محفوظ رہے گی۔

متعلقہ عنوان :