Live Updates

تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی نگران حکومت پر مشاورت کا آغاز کر دیا

جمعہ 13 اپریل 2018 17:14

اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2018ء) تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی نگران حکومت پر مشاورت کا آغاز کر دیا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشیدنے ملاقات کی جس میںپنجاب میں نگران حکومت پر تفصیلی مشاورت کی گئی ،ملاقات میں ممبر سازی مہم، لاہور مینار پاکستان جلسے اور دیگر سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف نے میاں محمودالرشید کو پنجاب کی دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی ہدایت کی۔اس سلسلے میں میاں محمودالرشید آئندہ ہفتے اپوزیشن پارٹیز سے مشاورت کرینگے۔ دریں اثنا ء اپوزیشن لیڈر نے نگراں حکومت پر مشاورت کیلئے پیپلز پارٹی، ق لیگ اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس آئندہ ہفتے پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں ہوگا، اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مختلف ناموں پر بھی غور کیا جائیگا۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ2018ء میں مک مکا والا الیکشن اب نہیں ہونے دیں گے، اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، سعدیہ سہیل، آصف محمود، عارف عباسی، راجہ راشد حفیظ شامل تھے۔ میاں محمودالرشید نے سربراہ تحریک انصاف سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات