آج کا دن پاکستان اورپاکستانی قوم کیلئے ایک آزمائش کادن ہے‘شہبازشریف

عدالتی فیصلے کے تحت پاکستان کوایٹمی قوت بنانیوالے قومی رہنماء کو ملک و قوم کی خدمت سے روک دیا گیا نوازشریف محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اورفلسفے کا نام ہے،عوام انہیں تین مرتبہ وزیراعظم منتخب کرچکے ہیں نوازشریف جیسے رہنما اپنی جماعت اوراپنی عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اورمنصب کے مرہون منت نہیں ہوتے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے حوالے سے بیان

جمعہ 13 اپریل 2018 18:16

آج کا دن پاکستان اورپاکستانی قوم کیلئے ایک آزمائش کادن ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان اور پاکستانی قوم کیلئے ایک آزمائش کا دن ہے جب ایک عدالتی فیصلے کے تحت پاکستان کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ناقابل ِ تسخیر قوت بنانے والے ایک ایسے قومی رہنما کو ملک و قوم کی خدمت سے روک دیا گیا ہے جسے پاکستان کے عوام تین مرتبہ اپنا وزیراعظم منتخب کر چکے ہیں ۔

سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کیخلاف تاحیات نا اہلی کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں۔یہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراوروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ محمدنواز شریف جیسے رہنما اپنی جماعت اور اپنی عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اور منصب کے مرہون منت نہیں ہوتے۔

اس فیصلے کے باوجودمحمد نوازشریف کی جماعت ان کی رہنمائی میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر زندہ ہے اور زندہ رہے گی ۔انہوںنے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی اورعدلیہ کی غیر جانبداری پر یقین رکھتے ہیں۔