ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی

جمعہ 13 اپریل 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2018ء) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں ، تاجروں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں کانفرنس بلانے اور مظلوم مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والے ممالک کو تنبیہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو مظالم سے دبایا نہیں جا سکتا ہے‘ کامیابی کشمریوں ، فلسطینیوں اور مظلوم مسلمانوں کا مقدر ہے ، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام آبپارہ سے سرینا ہوٹل کی طرف نکالی گئی۔

ریلی سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف حسین واحدی ، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ثاقب اکبر، آصف لقمان قاضی ، گلزار نعیمی و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں، تاجروں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی احتجاجی مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم مسلمانوں کے حق میں نعرے درج تھے صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیر کا مقدمہ لڑنے والوں کو بند کرنے اور ان پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کر دیا تو پاکستان بنجر ہو جائے گا اللہ نے پاکستان کو اس لیے ایٹمی قوت بنایا کہ وہ تمام مسلم حکمرانوں کو جمع کر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرے جب مظلوم مسلمانوں کی مدد کی جائے گی تو حکمرانوں کا اقتدار بھی بچے گا‘ حکمران ملک کی سالمیت کا خیال رکھیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کہا کہ بھارت پیلٹ گنوں سے کشمیریوں کی بیینائی چھین سکتا ہے مگر جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتا ہے‘ مسلمانوں پر مظالم کے باوجود دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا ہے امریکہ، اسرائیل اور بھارت سے گٹھ جوڑ مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں‘ افغانستان میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا‘ فلسطین میں اسرائیل نے قتل عام شروع کیا ہوا ہے کشمیریوں، فلسطینیوں کو کامیابی ملے گی اور بھارت اسرائیل کو شکست ہو گی اب مظالم کے خلاف مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔

عارف حسین واحدی نے کہا کہ مظلوم مسلمانوں سے ایمان کا رشتہ ہے آج پوری دنیا میں صرف مسلمانوں کو ہی قتل کیا جا رہا ہے اور قتل کرنے والے کا فر ہیں آج کفر امن میں ہے اور مسلمان مشکل میں ہیں اس کا حل مسلمانوں کے اتحاد میں ہے مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے تین شیطان ہیں بھارت کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے‘ اگر افغانستان آزاد ہوتا تو ہمارے بچے قندوز میں شہید نہ ہوتے حکمرانوں کو بھی مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج کرنا چاہیے۔ ثاقب اکبر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں پاکستانی عوام مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

متعلقہ عنوان :