جرمنی آسٹرین سرحد پر بارڈر کنٹرول جاری رہے گا،بارڈرکنٹرول میں بھی توسیع

یورپ میں آزاد نقل و حرکت کے حامی، لیکن موجودہ حالات میں سرحدی نگرانی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ،بیان

ہفتہ 14 اپریل 2018 12:10

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2018ء) وفاقی جرمن حکومت نے کہاہے کہ ملکی سکیورٹی یقینی بنانے اور مزید مہاجرین کی آمد روکنے کے لیے جرمنی اور آسٹریا کے مابین سرحد پر بارڈر کنٹرول میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکومت نے بارڈر کنٹرول میں مزید چھ ماہ توسیع کا فیصلہ گزشتہ روز کیا ، جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ یورپ میں آزاد نقل و حرکت کے حامی ہیں اور اسے یورپی یونین کی ایک اہم ترین کامیابی بھی سمجھتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں ان کے پاس سرحدی نگرانی میں توسیع کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

زیہوفر کا بیان وفاقی جرمن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں مزید کہا گیاکہ یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی کے نقائص اور بڑے پیمانے پر جاری غیر قانونی مہاجرت کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ داخلی سرحدوں کی نگرانی ناگزیر ہے اس لیے جرمنی اور آسٹریا کی سرحد پر بارڈر کنٹرول جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق بارڈر کنٹرول کی آئندہ توسیعی مدت کا آغاز بارہ مئی سے ہو گا اور اس ضمن میں فیصلہ کرتے ہوئے فرانس، آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا۔ دیگر یورپی ممالک کو بھی جرمن فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :