مصنوعی ذہانت اب سیاست میں بھی۔ مصنوعی ذہانت کا حامل روبوٹ میئر بننے کا امیدوار ۔ منصفانہ اور متوازن سیاست کا وعدہ کر لیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 14 اپریل 2018 23:51

مصنوعی ذہانت اب  سیاست میں بھی۔ مصنوعی ذہانت کا حامل روبوٹ میئر بننے ..

ابھی تک تو ہم یہی سنتے اور دیکھتے آئے ہیں کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹ    مزدوروں اور ملازموں کو اُن کی ملازمت سے فارغ  کر رہے ہیں لیکن اب سیاست دان بھی تیار ہو جائیں۔ اُن کی سیاست سے چھٹی کرنے کے لیے روبوٹ بھی سیاست میں کود پڑے ہیں۔
قانونی طور پر مصنوعی ذہانت  کو پبلک سیکٹر میں بڑے عہدے نہیں دئیے جا سکتے  لیکن  جاپان میں  تاما سٹی ، ٹوکیو میں ایک روبوٹ نے میونسپلٹی کے کاموں میں مدد دینے کے لیے اپنی سیاسی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ روبوٹ اپنی مہم   مصنوعی ذہین میئر(AI Mayor) کے نام سے چلا رہا ہے۔
 بنیادی طور پر اس  روبوٹ نے انسانی ذرائع استعمال کرنے کے بجائے مصنوعی ذہانت کی مدد سے پورے شہر کے اعدادوشمار اکٹھے کرنے اور ایک بالکل منصفانہ و متوازن سیاست کرنے کے وعدے پر اپنی سیاست کا  آغاز کیا ہے ۔

(جاری ہے)


 میئر کے عہدے کے لیے انسانی امیدوار مچی جیٹو مٹسوڈا نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ دنیا میں پہلی بار مصنوعی ذہانت الیکشن میں حصہ لے گی۔

مصنوعی ذہانت تاما شہر کو بدل دے گی۔ اے آئی میئر کی پیدائش کے ساتھ ہی ہم غیر متعصبانہ اور متوازن سیاست کا آغاز کر دیں گے۔ہم مستقبل میں پالیسیوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز ، معلومات اکٹھے کرنے اور اگلی نسل کی رہنمائی کو تیار ہیں۔
44 سالہ مٹسوڈا  نے 2014 میں تاما شہر کے میئر کا الیکشن لڑا تھا لیکن ایک بڑے فرق سے وہ یہ انتخاب ہار گئے تھے۔

اس بار انہوں نے  اواتار کی طرز پر میدان مارنے کا ارادہ کیا ہے ۔ اُن کا  ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے انسان کی نسبت بہتر فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ اور اہم بات یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت سے کسی قسم کی کرپشن کی توقع خارج از امکان ہے۔ اے آئی میئر کی مہم بالکل انسانی امیدواران کی انتخابی مہم سے ملتی جلتی ہے۔ مہم کے لیے انسان نما روبوٹ کے نشان اور پیغام کے ساتھ پوسٹر سارے تاما شہر میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔


تاما شہر میں 15 اپریل بروز اتوار ہونے والے انتخابات میں ہی اس پوری مہم کا نتیجہ سامنے آئے گا کہ لوگ انسانی امیدواران سے ناامید ہو کر مصنوعی ذہانت کو موقع دینے کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔فی الحال تو ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مٹسوڈا کی انتخابی چال کا حصہ ہے۔ گرچہ اے آئی میئر کے قانونی نقطہ نظر سے جیتنے کے مواقع کم ہیں لیکن بہت سے لوگوں نے اس معاملے میں اپنی پرجوشی کا اظہار کیا ہے۔وہ اے آئی میئر کو  انسان کے ایک بہتر متبادل کے طور پر دیکھتے ہیں جو محنتی اور غیر کرپٹ ثابت ہوگا۔