سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹائون میں درج

اتوار 15 اپریل 2018 23:00

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹائون میں درج کر لیا گیا ، جبکہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے چار رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی جس کی سربراہی ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چوہدری سلطان کریں گے۔

(جاری ہے)

مقدمہ سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹائون میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشتگردی، اقدام قتل ،ڈرانے دھمکانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

واقعہ کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چوہدری سلطان کی سربراہی میں ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے جس کے دیگر ممبران میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن غلام مبشر میکن، ایس پی سی آئی اے ندیم عباس اور ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹائون شاکر احمد شامل ہیں۔ چار رکنی ٹیم نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے جبکہ موقع سے ملنے والے گولی کوتجزیے کیلئے فرانزک سائنس ایجنسی بھجوا دیا گیا ہے۔