مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کو ئی بھی سازش پہلے کامیاب ہو ئی نہ ہی آئندہ ہو گی،صوبائی وزیرملک احمد یارہنجراء

اتوار 15 اپریل 2018 23:00

مظفرگڑھ ۔ 15اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کو ئی بھی سازش پہلے کامیاب ہو ئی نہ ہی آئندہ ہو گی ،ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،عوامی خدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھوناہے، الیکشن2018میں عوام کی زیادہ طاقت کے ساتھ اقتدار میں آکر مخالفین کی سازشیں ناکام بنائیں گے، ہمارا ہر قدم کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اٹھ رہا ہے جسکی کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوٹ ادو میں ہنجراء ہاؤس میں ذرائع ابلا غ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک نظریئے کا نا م بن چکا ہے عوام نے پہلے بھی نا اہلی کے فیصلے کو قبول کیا تھا اور نہ ہی تا حیات نا اہلی کے فیصلے کو تسلیم کرنے کو تیار ہے، نواز شریف جیل میں ہوں یا با ہر قوم ان کی آواز پر نکلے گی مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کی مقبولیت سے کچھ عنا صر خائف ہیں انہیں علم ہے کہ محمد نواز شریف کو ہرایا نہیں جاسکتا اس مسلم لیگ ن کی قیادت اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو احتساب کے نام انتقام کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں عوام سمیت سب کو آئینی حدود میں رہ کر عدالت کا فیصلوں پر تنقید کرنے کا حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنی عوامی خدمت اور پانچ سالہ کارکردگی پر آئندہ عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی ،مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے کسی کے آنے اور جانے سے کو ئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کے منصوبو ں کا جال بچھا دیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زائد وسائل رکھے ہیں دیہی و شہری علاقوں کی ترقی کیلئے متوازن حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس جنوبی پنجاب میں مکمل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنجراء خاندان کاہر قدم کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اٹھ رہا ہے حلقہ این ای176اور پی پی251میں ترقی اور خوشحالی کے منصوبے جس تیزی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں، اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی،ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :