راولپنڈی،تحریک اتحاد امہ پاکستان کے زیر اہتمام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے جارحیت کے خلاف مظاہرہ

پیر 16 اپریل 2018 22:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) تحریک اتحاد امہ پاکستان کے زیر اہتمام راولپنڈی پریس کلب کے باہر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا گیااحتجاجی مظاہرہ میں مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں ثاقب اکبر،حافظ محمد اقبال رضوی،قاری ظہور الٰہی، قاری امین سیالوی،قاری عمر آغا،ذیشان انوار کاظم کے علاوہ مسیحی برادری کے نمائندوں سہیل اشتیاق پاسٹر کیپٹن آصف نے بھی شرکت کی مظاہرین نے استعماری طاقتوں کی طرف سے کمزور قوموں پر مظالم کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ آواز اٹھانے پر زور دیا مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ نے پہلے بھی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا بہانہ گھڑ کر عراق پرحملہ کیا تھا اور آج کیمیکل ہتھیاروں کا بہانہ بنا کر شام پر چڑھائی کردی ہے امریکہ ایک کے بعد دوسرے اسلامی ملک کو تباہ کرنے کے راستے پر گامز ن ہے بے رحم سرمایہ دار قوتیں اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے انسانیت کا خون بہارہی ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ شیطان بزرگ ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کے مبینہ الزام پر جارحیت ایک مجرمانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو امریکی کاسہ لیسی سے باہر آکر ایک دوسرے کا دست وبازوں بننا چاہئے کیونکہ امریکہ کسی ایک ملک کا نہیں پورے ’’عالم اسلام‘‘ کا مشترکہ دشمن ہے شام پر امریکی کاروائی پر شادیانے بجانے والے سوچ لیں۔

متعلقہ عنوان :