لاپتہ پاکستانیوں کی عدم بازیابی حکومت، عدلیہ اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے،مولانا محمد یوسف سلفی

منگل 17 اپریل 2018 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء)جمعیت اہلحدیث پاکستان سندھ کے چیف آرگنائزر مولانا محمدیوسف سلفی مرکز اہلحدیث میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ پاکستانیوں کی عدم بازیابی حکومت، عدلیہ اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال لاپتہ افراد کا ذمہ دار غیر ملکی ایجنسیوں کو قرار دے کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے سپریم کورٹ جسٹس جاوید اقبال کے الزامات کا نوٹس لے او رپرویز مشرف و دیگر ادوار میں پاکستانیوں کو غیر ملکی قوتوں کے حوالے کرنے والوں کو قابل گرفت کرے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتا ہے کیونکہ سر عام امریکی سی آئی اے کے ایجنٹ پاکستانی شہریوں کو مارتے ہیں لیکن حکومت انہیں گرفتار کرنے اور مقدمات قائم کرنے سے گریزاں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جسٹس جاوید اقبال کے بیانات کولغو اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی محب وطن و محب اسلام پاکستانی پاک آرمی پر حملہ کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اسے سرِ عام پھانسی دی جائے تاکہ دیگر لوگوں کو عبرت ہو لیکن ایسے دہشت گردوں کی آڑ لے کر کسی پاکستانی شہری کو ماروائے عدالت قتل یا غائب کرنا یا اسے ہراساں کرنا کسی بھی قانون کے تحت جائز نہیں ہے ۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے عافیہ صدیقی کی رہائی اور عتیق بیگ کے قاتل کرنل جوزف کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیابصورت دیگر جمعیت اہلحدیث ملک گیر احتجاج کرے گی۔ اجلاس سے مولانا اختر محمدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار اسلامی ریاست ہے جہاں پر کوئی قانون و آئین قر آن و سنت سے ہٹ کر نہیں بنایا جا سکتا ہے ۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ملکی قوانین کو قر آن و سنت کی روشنی میں از سرنو مرتب کیا جائے ۔ اجلا س سے اہلحدیث یوتھ فور س کے ناظم حافظ حنیف سلفی، مولانا معاویہ سلیم، زاہد سلفی، مولانا بلال سلفی، حافظ ابو بکر ، قاری عبد الرزاق اور دیگر علمائے اکرام نے بھی خطاب کیا۔