عدل و انصاف کے قیام کیلئے عدلیہ کا کردار مثالی ہے، پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

منگل اپریل 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2018ء)جمعیت علماء پاکستان (نورانی)، ملی یکجہتی کونسل اورنظام مصطفیٰ محاذکے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اس واقعہ سے بظاہرایسا لگتا ہے کہ جو لوگ عدلیہ کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں جج کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں ججز کو کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں وہی لوگ جسٹس اعجازالاحسن کے گھر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ہیں اس واقعہ کی فوراًً عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ کرپٹ بدعنوان اور خائن لوگوں کو قانون کی گرفت میں لانے کا جو سلسلہ عدلیہ نے شروع کیا ہوا ہے دھونس دھمکی ،گالی اور گولی کے ذریعہ اس سلسلے کو روکنے کی سازشیں کی جاری ہیں تاکہ قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان اور کرپٹ عناصر کو بچایا جاسکے اس وقت عدل و انصاف کے قیام کیلئے عدلیہ کا کردار مثالی ہے پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے عدلیہ کے وقار کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے حکومت کو عدلیہ مخالف روش تبدیل کرنی چاہئے۔