گوجرانوالہ ، پولنگ عملہ کیلئے ٹریننگ سیشن23 اپریل سے شروع ہوگا

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

گوجرانوالہ۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)عام انتخابات 2018ء میں گوجرانوالہ ڈویژن کے 51ہزار 600پولنگ عملہ کو ٹریننگ دینے کیلئے مجموعی طور پر 2ہزار 910 ٹریننگ سیشن23 اپریل سے شروع ہوں گے جو 10مئی تک جاری رہیں گے،الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر ہونے والے 192ماسٹر ٹرینرز، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کو مرحلہ وار تربیت دیں گے، پولنگ عملہ کا چنائو محکمہ ایجوکیشن، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز، محکمہ صحت اور دیگر اداروں سے کیا گیا ہے، گوجرانوالہ ضلع میں 14ہزار 550پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 291ٹریننگ سیشن، ضلع سیالکوٹ میں 11ہزار 650 پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 233ٹریننگ سیشن، ضلع گجرات میں 10ہزار 200 پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 204ٹریننگ سیشن، ضلع نارووال میں 6ہزار 100پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 122 ٹریننگ سیشن، ضلع منڈی بہائوالدین میں 5ہزار200 پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 104ٹریننگ سیشن اور ضلع حافظ آباد میں 3ہزار900 پولنگ سٹاف کو ٹریننگ دینے کیلئے 78ٹریننگ سیشن ہوں گے، ریجنل الیکشن کمشنر چودھری علیم شہاب اور الیکشن کمشنر عدنان سخاوت علی نے بتایا کہ گزشتہ انتخابات میں ایک تربیتی کلاس میں 200سے 300افراد ہوتے تھے لیکن اب ہر تربیتی کلاس میں 50، 50افراد رکھے گئے ہیں تاکہ ٹریینگ اعلی معیار کی ہو، ماسٹر ٹرینرز کا تربیت حاصل کرنے والوں سے بہتر رابطہ قائم رہے اور اس ٹریننگ کے الیکشن میں اچھے نتائج برآمد ہوں، ٹریننگ سیشن صبح 9سے دوپہر12بجے تک جاری رہیں گے،گوجرانوالہ ڈویژن کے 7272 پریذائیڈنگ افسران کو ٹریننگ ماہ رمضان کے بعد دی جائے گی، انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات 2018ء کے پولنگ سٹاف کی تربیت کا یہ پہلا مرحلہ ہوگا جبکہ پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اورپولنگ افسران کو تربیت کا دوسرا مرحلہ عام انتخابات سے پہلے ہوگا، اس طرح الیکشن کمیشن تمام پولنگ سٹاف کو دو مراحل میں تربیت دے گا۔