کوریا کی عشروں پرانی لڑائی کا خاتمہ، جنوبی کوریا کو میری آشیرباد حاصل ہے، ٹرمپ

کوریائی لڑائی ختم نہیں ہوئی، ابھی جاری ہے،خاتمے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں،جاپانی وزیراعظم سے ملاقات

بدھ 18 اپریل 2018 12:13

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کو اٴْن کی آشیرباد حاصل ہے کہ وہ 1950 کی دہائی کی کوریائی لڑائی کے خاتمے کے معاملے پر شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کے ساتھ ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ لڑائی ختم کرنے کے لیے اٴْنھیں میری آشیرباد حاصل ہے۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ لوگ اس بات کا احساس نہیں کرتے کہ کوریائی لڑائی ختم نہیں ہوئی۔ یہ ابھی جاری ہے۔ اور وہ لڑائی کو ختم کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔اصل لڑائی سنہ 1953 میں اٴْس وقت بند ہوئی تھی جب امریکہ نے (جو اقوام متحدہ کی افواج کی کمان کر رہا تھا) شمالی کوریا اور چین کے ساتھ آرمسٹائس کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

(جاری ہے)

دستخط کرنے والوں میں جنوبی کوریا شامل نہیں تھا اور دونوں کوریاؤں نے تب سے سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے۔

آبے نے شمالی کوریا کے سربراہ، کم جونگ اٴْن کے ساتھ سربراہ اجلاس کرنے پر رضامندی پر ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام کے لیے ہمت درکار ہوتی ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ بات چیت غالباً جون کے اوائل میں یا کچھ پہلے ہوگی، اگر معاملات ٹھیک سے آگے بڑھتے ہیں۔ یہ بھی امکان ہے کہ معاملات ٹھیک نہ رہیں، اور ہماری ملاقاتیں نہ ہو سکیں، لیکن ہماری کوشش رہے گی کہ ہم اس راہ پر پختگی سے چلتے رہیں۔

اس کے فوری بعد ایک تفصیلی باہمی ملاقات میں ٹرمپ نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ سربراہ اجلاس کی تیاری کے حوالے سے ہم نے شمالی کوریا کے ساتھ براہِ راست بات کا آغاز کیا ہے۔ انتہائی اعلیٰ سطح پر ہمارے براہ راست مذاکرات ہوئے ہیں۔صدر نے شمالی کوریا کے لیے کہا کہ وہ ہماری عزت کرتے ہیں، اور ہم اٴْن کی عزت کرتے ہیں۔آبے نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ٹرمپ ان معاملات پر بھی کِم سے بات کریں گے جو جاپان کے لیے باعثِ تشویش ہیں، جس میں کئی عشروں سے جاپانی شہریوں کے اغوا کا معاملہ شامل ہے۔اٴْنھوں نے امریکی صدر کی تعریف کی کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے عزائم اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے معاملوں پر صدر ٹرمپ نے ٹھوس مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :