اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر24اپریل کو رپورٹ طلب کرلی

بدھ 18 اپریل 2018 13:09

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر حکومت سے آئندہ منگل(24اپریل ) کو رپورٹ طلب کرلیا جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ امریکی ہوگا اپنے ملک میں‘ سفارتکار ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے بندے مارے‘ نہ بیان لیا اور نہ بلڈ ٹیسٹ کرایا‘ پولیس خود ایسے کیسز خراب کرتی ہے‘ ایس ایچ او تھوڑی دیر کے لئے پاکستان بن کر سوچیں‘ گورا ہو اور وہ بھی امریکی آپ کے تو ہاتھ پائوں ہی پھول گئے ہوں گے‘ قانون اگر اسے تحفظ فراہم کرتا ہے تو شہریوں کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے معاملے پر رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ اور خارجہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سفارتکار ہونے کا مطلب یہ نہیں یہ ہمارے بندے مارے۔ نہ بیان لیا نہ بلڈ ٹیسٹ کرایا۔ پولیس خود کیسز کو خراب کرتی ہے قانون تمام شہریوں کو تحفظ دیتا ہے اردو میں بیان کیوں لکھا گیا کل کو وہ مکر جائے گا۔

ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ اس نے انگلش میں بیان دیا میں نے اردو میں لکھا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تھوڑی دیر پاکستانی بن کر سوچیں ہر کیس کو ادھر ادھر نہ کیا کریں۔ گورا ہو اور وہ بھی امریکی آپ کے تو ہاتھ پائوں ہی پھول گئے ہوں گے۔ منگل تک ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق کمیٹی بنی ہوئی ہے جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کمیٹی کمیٹی نہ کھیلیں وہ تو تاحیات نہیں بیٹھے گی کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :