مزدور رہنما بشیر احمد بختیار کی 23 ویں برسی کل منائی جائے گی

بدھ 18 اپریل 2018 13:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) بابائے مزدور تحریک و بانی پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین بشیر احمد بختیار کی 23ویں برسی کل (جمعرات کو) منائی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کے زیر اہتمام تمام شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریات ، سیمینارز ، کانفرنسز کا انعقاد کیاجائے گا جن میں بابائے مزدور تحریک بشیر احمد خان بختیار کی ٹریڈ یونین اور واپڈا مزدوروں و کارکنوں کیلئے شاندار خدمات کو سنہری حروف میں خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔

پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کے ترجمان نے کہاکہ بابائے مزدور تحریک برصغیر پاک و ہند کی ٹریڈ یونین تحریک کے بانیوں میں سے تھے جنہوںنے صنعت کے مختلف شعبوں کے محنت کشوں کو نہ صرف ان کے اقتصادی و سماجی حقوق کے ذریعے منظم کرکے جدو جہد کی بلکہ وہ محنت کشوں کو بنیادی سہولیات و مراعات کی فراہمی میں بھی پیش پیش رہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ انہوںنے جس جماعت کی بنیاد رکھی وہ آج صنعتی ٹریڈ یونین کے ساتھ ساتھ لاکھوں کارکنوں کی نمائندہ بھی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بشیر احمد بختیار مرحوم نے جس مشن کا آغاز کیا وہ اس کی تکمیل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بشیر احمد خان بختیار مرحوم کی برسی کے موقع پرملک بھر میں قرآن خوانیوں کے علاوہ ان کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی ۔